اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرمیاں جاوید لطیف نے کہاہے جسٹس منیرکے فیصلے سے شروع ہونے والا انتشارکاسلسلہ اب بند ہوناچاہئے، عالمی ایجنڈے پرعمل کرتے توہمیں آئی ایم ایف سے ناک رگڑگڑکرمعاہدہ کرنے کی ضرورت نہ ہوتی۔
بدھ کوقومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے میاں جاویدلطیف نے کہاکہ کہ آئین اورقانون کی پاسداری ضروری ہے، جسٹس منیرکے فیصلے سے انتشارکاجوسلسلہ شروع ہوااس سے ملک دولخت ہوا، ہمیں سوچنا چاہئے کہ یہ یہ سلسلہ بند کرنا ہے یا اسے جاری رکھناہے؟۔
انہوں نے کہاکہ بتایا جارہاہے کہ دباؤ کی وجہ سے دوجونئیرججز صاحبان سپریم کورٹ کاحصہ بنے ہیں، قوم کوحقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی ایجنڈہ جو لوگ پوراکررہے ہیں وہ پوری قوم کومعلوم ہے۔اگر ہم عالمی ایجنڈے پرعمل کرتے توہمیں آئی ایم ایف سے ناک رگڑگڑکرمعاہدہ کرنے کی ضرورت نہ ہوتی۔
انہوں نے کہاکہ آئین کی تشریح کرنے والوں سے پوچھنا چاہئے کہ دواسمبلیاں توڑکر آئین سے کھلواڑ کیوں ہواہے۔ سیاسی لوگوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں مگردہشت گردوں اورانتشارپھیلانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔