دبئی۔7فروری (اے پی پی):جسپریت بمرا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے بھارتی فاسٹ بائولر بن گئے ہیں، ان سے قبل سابق بھارتی کپتان کپل دیو 1979-80ء میں ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر رہ چکے ہیں۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ کھلاڑیوں کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق جسپریت بمرانے انگلینڈ کے خلاف وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرکے تین درجے ترقی کے بعد اپنے ہم وطن روی چندرن ایشون کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کردیا ہے۔
اس سے قبل بھارت کی طرف سے ٹیسٹ رینکنگ میں کوئی بھی فاسٹ بائولر ٹاپ پوزیشن حاصل نہیں کرسکا ۔ آئی سی سی بائولرز ٹیسٹ رینکنگ میں جسپریت بمرا 881 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا 851 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ایشون 841 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز 828 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جوش ہیزل ووڈ 818 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر جبکہ پاکستان کے بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔