
اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جس بے شرم شخص نے پاکستان کی معیشت 4 سال تباہ کی اور پھر جان بوجھ کر آئی ایم ایف سے اپنے کئے وعدے توڑ کر آئی ایم ایف پروگرام رکوایاآج وہی شخص پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی صورت میں نقصانات پر بھاشن دے رہا ہے۔
عمران خان کے آئی ایم ایف کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ اس نے پاکستان کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا، پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی ہر ممکن کوشش کی، شوکت ترین اور تیمور جھگڑا کے ذریعے اتحادی حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام بحالی کی کوششیں خط لکھ کر رکوانے کی کوشش کی آج وہی شخص پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی صورت میں نقصانات پر بھاشن دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمال کی بےشرمی اور بے حسی ہے!اوپر سے یہ غلط فہمی کہ آئی ایم ایف نے اس بے شرم انسان کے کہنے پر پروگرام کیا،
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اس سے آئی ایم ایف کی ملاقات سے پہلے حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کا اعلان کر چکی تھی۔ ملاقات کا مقصد صرف یہ تھا کہ یہ آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف کوئی نئی شرارت نہ کرے، یہ ملک کے خلاف اس شخص کی ایک اور سازش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کی باتیں کرنے والےاس بے شرم انسان کو احسان جتانے کے بجائے قوم سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنی چاہئے۔