
اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے پی ٹی ڈی سی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے دعوﺅں کو مسترد کر دیا ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر احسن اقبال کو جواب دیتے ہوئے زلفی بخاری نے لکھا کہ جس چیز کا علم نہ ہو اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے، پی ٹی ڈی سی بطور ادارہ ابھی بھی فعال ہے، (ن) لیگ کے پانچ سالہ دور میں پی ٹی ڈی سی کا خسارہ 700 ملین تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے اس خسارے کے دوران ارسطو صاحب کہاں تھے؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کو بالآخر ایک ویژ ن مل گیا ہے،آپ کی حکومت کے برعکس ہمارے پاس پی ٹی ڈی سی کو فعال بنانے کے لیے جامع پلان موجود ہے۔