اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):مڈفیلڈ کلب نے جشن آزادی فٹ سال چیمپئن شپ میں بوائز کا ٹائٹل اپنےنام کرلیا جبکہ کہ خواتین کا ٹائٹل ویئرز کلب نے جیت لیا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام نے پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن ملک مہربان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی سہولیات سیدنوید الرحمن اور ڈائریکٹر ایڈمن احتشام الحق کے علاوہ پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے قائمقام سیکرٹری جنرل امجد قریشی، اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد اور راولپنڈی فٹ سال ایسوسی ایشن کےچیئرمین شوکت علی خان بھی موجود تھے۔ بوائز کے فائنل میچ میں مڈ فیلڈ کلب نے دی سکسس کلب کو 0-2 گول سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ خواتین کے فائنل میں ویئرز نے ایگلز کلب کو 1-3 گول سے ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس موقع پر مڈ فیلڈ کلب کے فرید ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں مڈفیلڈ کلب کے کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل ہے اور مڈ فیلڈکلب کے کھلاڑی آئندہ بھی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔