اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) جشن آزادی کی تقریبات کو جوش و جذبہ کے ساتھ شایانِ شان طریقے سے منائے گی، ان تقریبات میں جڑواںشہروں اسلام آباد و راولپنڈی کے شہریوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل، سپورٹس اینڈ کلچر ثناءاﷲ امان کے علاوہ دیگر شعبوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے ثناءاﷲ امان نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلہ میں رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج میں آزادی میلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے فنکار ملی نغموں اور ترانوں سے عوام کو محظوظ کریں گے۔ آزادی میلہ میں چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔