لاہور۔12مارچ (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ مقدس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے اور اس میں ملوث عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواتین، بزرگوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بزدلی کی انتہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ایسے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فورسز نے جان پر کھیل کر 16دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا اور 104شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ شاہد نذیر چوہدری نے حملے میں شہید ہونے والے مسافروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ ملک میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571810