واشنگٹن۔9جولائی (اے پی پی):امریکا میں کسی جعلساز نے وزیر خارجہ مارکو روبیوکا جعلی اکائونٹ بنا کر ان کی طرف سے تین ممالک کے وزرا ئے خارجہ ،ایک امریکی ریاست کے گورنر اور ایک رکن کانگرس کو وائس اور ٹیکسٹ میسج بھیج دیئے ۔ اس بات کا انکشاف اے ایف پی نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور دیگر امریکی میڈیا کی رپورٹس کےحوالے سے کیا۔ رپورٹ کے مطابق جعلساز نے روبیو کی آواز، اندازِ تحریر اور شناختی معلومات کو اے آئی سافٹ ویئرز کے ذریعے اتنی باریکی سے نقل کیا کہ کئی بااثر شخصیات دھوکہ کھا گئیں۔
ان رابطوں کے لئے خاص طور پر انکرپٹڈ ایپ’’سگنل‘‘ کا استعمال کیا گیا جو کہ حساس نوعیت کے پیغامات کے لئے محفوظ سمجھی جاتی ہے اور ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی رہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم مجرم ممکنہ طور پر ’’معلومات یا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کے مقصد سے اعلی حکام کے ساتھ ہیرا پھیری کرنا چاہتا تھا ۔
بیان کے مطابق جعلساز نے نے ٹیکسٹ میسجنگ اور انکرپٹڈ میسجنگ ایپ سگنل دونوں کا استعمال کرتے ہوئے تین ممالک کے وزرائے خارجہ، ایک امریکی ریاست کے گورنر اور کانگریس کے ایک رکن سے رابطہ کیا۔ اس سلسلے کا آغاز جون کے وسط سے ہوا اور جعل ساز نے اہم شخصیات سے رابطہ کرنے کے "[email protected]” کا استعمال کرتے ہوئےسگنل اکاؤنٹ بنایا۔
امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں امریکی سفارتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا جعلسازی کا سامنا ہو تو فوری طور پر رپورٹ کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مستقبل میں اس قسم کی کوششوں کو روکنے کے لئے سکیورٹی پروٹوکول مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔