جعلی راجکماری کی چھوٹی و بڑی کنیزیں اپنی نوکریاں پکی کرنے میں لگی ہوئی ہیں، ”عیدی“ کے چکر میں ان کی عاقبت بھی خراب ہو گی ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

215
Firdous Ashiq

لاہور۔15مئی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی راجکماری کی چھوٹی و بڑی کنیزیں اپنی نوکریاں پکی کرنے میں لگی ہوئی ہیں ،دونوں کنیزیں ظل سبحانی کو خوش کرنے کے لئے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں ،یہ یاد رکھیں کہ ”عیدی“ کے چکر میں ان کی عاقبت بھی خراب ہو گی ،جن کی یہ وکالت کر رہی ہیں وہ سند یافتہ مفرور مجرم اور ملزم ہیں

-انہوں نے کہا کہ کنیزائیں ذہن نشین کر لیں کہ اب نمائشی منصوبوں کے ذریعے کمیشن اور کک بیکس کا دور گزر چکا ہے-جعلی خادم اعلی کی ٹی ٹیزکے ذریعے بینک بیلنس بڑھانے کی اصلیت بے نقاب ہو چکی ہے،سابق حکمرانوں نے عوامی منصوبوں میں ریکارڈ لوٹ مار کی،ماضی کے منصوبوں میں کرپشن کی داستانیں آج بھی زبان زدعام ہیں –

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لا کر حقائق عوام کے سامنے رکھے ہیں ، بے ضابطگیوں میں ملوث حکام کے خلاف فی الفور ایکشن لیا گیا ہے ،ہماری حکومت بے ضابطگیوں میں ملوث ہر فرد کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی-

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ،کنیزیں ان مافیازکی حمایت کر رہی ہیں جو سرسے پائوں تک کرپشن میں دھنسے ہوئے ہیں –