جلائو گھیرائو مقدمات میں حافظ فرحت عباس ومحمد احمد چھٹہ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

54

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی واقعات میں جناح ہائوس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے چار مقدمات میں پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس اور محمد احمد چھٹہ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ جمعہ کے روز سماعت پر حافظ فرحت عباس اور محمد احمد چھٹہ پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی ۔

دوران سماعت ڈی ایس پی آصف جاوید اور تفتیشی افسران نے عدالت میں ریکارڈ پیش کیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق حافظ فرحت عباس عسکری ٹاور حملہ کیس سمیت تین مقدمات میں شامل تفتیش ہو چکے ہیں، تاہم جناح ہائوس حملے کے مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کی آخری مہلت دے دی۔ عدالت نے حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 4 فروری اور محمد احمد چھٹہ کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کر دی۔