کراچی۔ 20 ستمبر (اے پی پی):سابق پاکستانی فاسٹ بائولر جلال الدین کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی ہیٹ ٹرک کو 41 سال مکمل ہوگئے، اس سلسلے میں جلال الدین نے پاکستان ویٹیرنز ٹیم اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بدھ کو نیشنل سٹیڈیم میں 41ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے سابق فاسٹ بولر جلال الدین کو کیک کھلا کر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پرجلال الدین نے کہا کہ جب میں نے ہیٹرک کی تو اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ دنیا کی پہلی ہیٹرک ہے، مگرمیں بہت خوش ہوں کہ آج تک لوگ ہیٹرک کو یاد کرتے ہیں اور میں اس سے پہچانا جاتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ کارنامہ 41سال پہلے آسٹریلیا کے خلاف حیدر آباد میں سر انجام دیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر الیاس بٹ، ڈائریکٹر پی وی سی اے نجیب صادق ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز فقیہ ،منیجر پاکستان اوور 40ٹیم اعظم خان بھی موجود تھے۔