کراچی۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کی جڑیں مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور پائیدار دوستی پر مبنی ہیں ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تبادلہ سے دونوں ممالک کی ثقافت و سیاحت کو سمجھنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیا کے 67ویں یوم آزادی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ قبل ازیں ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن یاردینا احمد نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔گورنر سندھ نے ملائیشیا کے 67ویں یوم آزادی پر ملائیشیا کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی ترقی اور عوامی خوشحالی سے پاکستان استفادہ کر رہا ہے، ملائیشیا میں متعدد پاکستانی طلباءکا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ تعلیمی تبادلوں میں اضافہ خوش آئند ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ کے ذریعہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد،تعاون اور معاونت فراہم کی جارہی ہے، تقریب میں گورنر سندھ نے ملائیشیا کے قونصل جنرل و دیگر مہمانوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا ، تقریب میں صوبائی وزراء، سفارت کاروں اور کاروباری حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔دریں اثناء گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملیشیاءکے 67ویں یوم آزادی کو بھرپور انداز میں منایا، گورنر سندھ کی ہدایت پر گورنر ہاوس سے متصل پریس کلب چوک پر پاک ملیشیاکا پرچم لہرایا گیا، اور اس کے اطراف کو مختلف لائٹوں سے سجایا گیا، شاندار آتش بازی کے مظاہرہ پر لوگوں نے خو شگوار حیرت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملیشیاءکے درمیان گہرا رشتہ ہے، جس کی جڑیں باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مشتمل ہیں، دونوں اسلامی ممالک ایک دوسرے کے دکھ درد و خوشی میں برابر کے شریک ہیں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جلد ملائیشیاءکا وزٹ کروں گا، وہاں کے بزنس مین کو پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دوں گا