راولپنڈی ۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس طرح بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف دباو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اسی طرح ملک کے اندر بھی انتشار اور خلفشار پیدا کیاجا رہا ہے،اپوزیشن جماعتوں کی پیشنگوئیاں غلط ثابت ہوں گی اورعمران خان کی جماعت سینٹ انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی،جلسوں سے حکومتیں ختم نہیں ہوسکتیں،آئندہ دو ماہ کے اندر ملک میں مہنگائی کا خاتمہ ہو جائے گا،پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے اندر آنے والی مصیبتوں اور دشمنوں کا مقابلہ کیا۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے سوموار کو راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنا یا تھا مگر اپوزیشن نے ان کے مقبرے پر جا کر نعرے بازی کی ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ایک جماعت کہتی ہے کہ حکومت دسمبر میں چلی جائے گی اور دوسری جماعت کہتی ہے کہ جنوری میں چلی جائے گی درحقیقت ان کا ایجنڈہ ہے کہ عمران خان مارچ میں سینٹ کے انتخابات نہ جیت سکے مگر یہ سن لیں کہ عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف سینٹ کے انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جلسہ جلسہ کھیل رہی ہیں وہ شوق سے کھیلیں اگر جلسوں سے جمہوریت کو ختم کر دیا جائے تو کسی بھی وقت لوگ اکھٹے کر کے جمہوری حکومت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ملک میں مہنگائی ہے مگر انشاءاللہ عمران خان آئندہ دو مہینوں کے اندر مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ نہ صرف اس ملک کے دشمنوں کا مقابلہ کیا بلکہ پاکستان کے اندر آنے والی مصیبتوں چاہے وہ کرونا وائرس ہو،سیلاب یا کوئی بھی آفات ہوں وہاں پاک فوج آگے کھڑی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم اس وقت پوری کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح سے مہنگائی سے چھٹکارہ حا صل کیا جائے مگر پچھلی حکومتوں نے اس ملک میں ایسی لوٹ مار کی ہے کہ پہلے دو سال ہمارے نصیب میں مہنگائی تھی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کے ہسپتالوں اور نالہ لئی کے منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے اور وزیر اعظم عمران خان آئندہ دو روز میں حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کاافتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کسی کی بدمعاشی نہیں چلنے دی یہ شریفوں کا شہر ہے یہاں تھانہ پٹواری کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کوئٹہ کا جلسہ کرلیں اس کے بعد ہم بھی کچھ نہ کچھ کریں گے اور اپوزیشن کو کھلا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر کی آزادی کا ذکر ہوگا وہاں راولپنڈی اور شیخ رشید کا نام آئے گا۔