اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) جے یو آئی )ف( کے آزادی مارچ و دھرنے کا اسلام آباد میں چھٹا روز شروع ہو چکا ہے۔ شرکاء نے گزشتہ رات کھلے آسمان تلے بارش میں گزاری ہے۔ ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے آزادی مارچ میں شریک ملتان سے تعلق رکھنے والے محمد عمران نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ چونکہ جلسہ گاہ میں کوئی مناسب انتظام نہیں کیے گئے۔اس لیے بارش کی وجہ سے گزشتہ رات انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہاں موجود ایک شہری نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اب دھرنا ختم کر دینا چاہیے کیونکہ موسم بدل رہا اور سردی میں اضافہ ہو رہا تو کارکنان کو اپنے گھروں کو جانے دیا جائے کیونکہ دھرنے کی جگہ پر ٹھنڈ سے بچنے کیلئے کوئی انتظامات نہیںکیے گئے۔ اسلام آباد میں ابھی بھی گہرے بادلوں کا راج ہے کسی بھی وقت بارش دوبارہ شروع ہو سکتی ہے جس سے دھرنے کے شرکاء کو مزید پریشانیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔