اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں چیلنج قبول کرنے چاہئیں،وزارت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، چاروں صوبوں میں بہتری کی کوشش کروں گا، قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے،اپوزیشن اگر استعفے دینا چاہتی ہے تو دیدے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ، گلی گلی میں اپنا چورن بیچنے کی کوشش کی گئی کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان آئیں، لاہور نے انہیں مسترد کر دیا اور انہیں سوائے مایوسیوں کے کچھ نہیں ملا، لیڈر کال دیتا ہے گلی گلی جا کر دعوت نامے تقسیم نہیں کرتا، اگر مولانا فضل الرحمن مدرسے کے بچے گاڑیوں میں بھر کر نہ لاتے تو جلسے کی صورتحال مزید کچھ اور ہوتی۔ پیر کو نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مشکل وقت میں چیلنج قبول کرنے چاہئیں، میں نے وزارت چیلنج سمجھ کر قبول کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں دو مہینے سے لگی ہوئی ہیں کہ 13 دسمبر کو آئیں تو استعفے لے کر آنا۔ اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو دے،ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔ مریم نواز نے آٹھ آٹھ کارنر میٹنگز کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔یہ کہتے ہیں جمہوریت بچانی ہے لیکن یہ ایسی بند گلی میں داخل ہو جائیں گے جہاں سے ان کا نکلنا مشکل ہوگا، جلسے کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم کے منہ بند ہو جانے چاہئیں، عوام نے پی ڈی ایم کو بتا دیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے نیا طریقہ ڈھونڈا ہے کہ ایک بندے کو بڑے سائز کے دو دوجھنڈے دے دیتے ہیں تاکہ لوگ نیچے سے نظر نہ آئیں، سیٹوں پر ایم این ایز کے نمبر لکھے ہوئے تھے کہ یہاں کس کے بندے بیٹھنے ہیں۔ جس طرح کا انہوں نے ماحول بنایا میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ لاہور میں ٹریفک چل رہی تھی کوئی طوفان برپا نہیں تھا اور نہ ہی گلیاں سنسان تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمگلنگ اور قبضہ گروپوں کے خلاف بہتر اسٹریٹجی بنائیں گے ۔چوراچکے ، قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، میں چاروں صوبوں میں بہتری کی کوشش کروں گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیرکا کیس لڑا ہے وہ دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے پاکستان کے خلاف بیرونی سازشوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔