راولپنڈی ۔2جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ جلوسوں میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ سیف سٹی کے 1700 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، راولپنڈی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، آن گراؤنڈ اور سوشل میڈیا پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے،حکومت پنجاب کی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سی پی او خالد ہمدانی نے بدھ کو راولپنڈی پولیس کے فلیگ مارچ کی سربراہی کے دوران کیا ۔فلیگ مارچ میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار، پاک فوج اور رینجرز کے افسران، ایس پی سیکورٹی، ڈوہژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز، ایلیٹ کمانڈوز، ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی شریک تھے۔فلیگ مارچ پولیس ہیڈکوارٹرز سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزر اختتام پزیر ہوا۔خالد ہمدانی نے کہا فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے عزم کا اظہار ہے
پولیس کی آٹھ ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکورٹی و ٹریفک فرائض انجام دے رہے ہیں۔سینئر افسران سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں،امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔