جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہراہ فیصل پر ”فلسطین مارچ”میں اہل کراچی کی بڑی تعداد میں شرکت

213
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہراہ فیصل پر ”فلسطین مارچ"میں اہل کراچی کی بڑی تعداد میں شرکت

کراچی۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہراہ فیصل پر”فلسطین مارچ”میں اہل کراچی نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں مرد وخواتین،بچے،بزرگ،نوجوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے،مارچ میں جماعت اسلامی مینارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن کی قیادت میں مسیحی برادری نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی،شرکاء نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے جدو جہد سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔شاہراہ فیصل پر  دونوں اطراف مارچ کے شرکاء موجود تھے ایک ٹریک مردوں کے لیے اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص تھا۔

مارچ کے شرکاء شہر بھر سے جلوسوں اور ریلیوں کی شکل میں بسوں،ویگنوں، سوزوکیوں،ٹرکوں،کاروں اور موٹر سائیکلوں پرشاہراہ فیصل پہنچے۔شاہراہ فیصل پر سڑک کے دونوں طرف خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ استقبالیہ کیمپ لگے ہوئے تھےجبکہ الخدمت کراچی کی جانب سے ایک طبی کیمپ اورشاہراہ فیصل پر 3موبائیل ڈسپنسریاں بھی موجود تھیں۔شرکاء نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی اور فلسطین کے جھنڈے،فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف کتبے اٹھارکھے تھے۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مارچ کا آغاز بلوچ کالونی پل سے ہوا اور شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے نرسری اسٹاپ پر پہنچے۔