جدہ۔5فروری (اے پی پی):جماعت اسلامی ہند نے گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں مورتیاں رکھ کر پوجا کی سہولت فراہم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر ملک معتصم خان نے کہا کہ وارانسی ضلعی عدالت نے گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں مورتیاں رکھ کر پوجا کرنے سے روکنے کے لیے انتظامیہ کو سات دن کا وقت دیا تھا، اسے دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انتظامیہ بہت جلد بازی میں تھی اور چاہتی تھی کہ انجمن انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے اس آئین مخالف اور حیران کن فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے سے قبل پوجا پاٹ کی راہ ہموار کر دے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ دلیل دی کہ 1993 تک گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی جا رہی تھی مگر اس وقت کی ریاستی حکومت کے حکم پر اسے روکا گیا۔ انہوں نے اسے ایک غلط دلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حالات سے ناواقفیت کی بنا پر دی گئی، سچائی تو یہ ہے کہ تہہ خانے میں کبھی کوئی پوجا ہوئی اور نہ ہی اس کا کوئی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند ایسے واقعات کی پرزور مذمت کرتی ہے۔