پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):جمرود میں نجی سکول ٹیچر کے تشدد سے طالب علم جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈی پی او خیبر کے فوری نوٹس پر پولیس نے مرکزی ملزم کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔خیبر پولیس کے مطابق جماعت پنجم کے طالب علم اتحاد ولد خیال مت خان ساکن سور کمر بھگیاری سکول پر اسمبلی کے دوران پرنسپل وقار احمد نے معمولی سی بات پر بہیمانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں ننھا طالبعلم شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جمرود نسیم خان کو فوری کارروائی کی ہدایت کی، صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر پولیس ٹیم نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے مرکزی ملزم وقار احمد کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ استاد جیسے مقدس رتبے کو استعمال کرکے ظلم کرے۔