جموں و کشمیرپر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف فرینکفرٹ میں احتجاجی مظاہرہ

136

فرینکفرٹ، جرمنی۔25اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین۔ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن نے جموں و کشمیرپر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے میں کشمیری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ای یو۔ پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی کے صدر انصر محمود بٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ مودی کی انتہا پسند اور فسطائی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں دفعہ 370 اور 35-A کو منسوخ کرنے کے غیر قانونی اقدام کے بعد مقبوضہ علاقے میں فوجی محاصرے نافذ کررکھا ہے۔انہوں نے پورے یورپ میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔