جموں و کشمیر تنازعہ کے مستقل حل سے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

138

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے جعلی مقابلوں اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کے مستقل حل سے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج نے بدھ کو پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کم از کم 18 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔کشمیریوں کو بنیادی آزادی سے محروم رکھنے کے باوجود بھارتی قابض افواج نے گزشتہ ہفتوں سے مقبوضہ وادی میں اپنے جبر کو مزید تیز کر دیا ہے جبکہ ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں، سیکڑوں عام کشمیری اور حریت رہنماؤں کو سخت قوانین کے تحت نظر بند کرنے اور کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

اس کے علاؤہ مقامی لوگوں کیلئے "ہائبرڈ دہشت گرد” اور "وائٹ کالر دہشت گرد” جیسے نفرت انگیز اصطلاحات استعمال کی جاتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سلامتی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کے لیے باعث تشویش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزراء کامقبوضہ علاقے کا دورہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور مقبوضہ وادی میں صورتحال”معمول کے مطابق” قرار دیکر عالمی توجہ ہٹانے کی چال ہے۔ترجمان نے کہا کہ آر ایس ایس-بی جے پی کی جانب سے جھوٹ، فریب اور تشہیر کے شعبدوں کی کوئی بھی مقدار مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے مصائب کا ازالہ نہیں کر سکتی۔

بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے مستقل حل سے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔