اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی بھارتی عدالتوں سے سزا کے خلاف نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ یاسین ملک پر دہشت گردی کے الزامات لگانا شرمناک ہیں ،یاسین ملک کا الزامات کے دفاع سے انکار انسانی حقوق علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ،مودی کے کرتوت دینا کے سامنے عیاں پھر بھی عالمی ضمیرخاموش ہے ،دنیا کا رویہ افسوسناک ،تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔
بدھ کو جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما صدیق الفاروق، حریت رہنمائوں ، سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس موقع پر پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ریلی کے شرکا نے نیشنل پریس کلب سے بھارتی ہائی کمیشن کی طرف مارچ کیا اور ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک کی صاحبزاد ی رضیہ سلطانہ نے کہا کہ کشمیر پر والد کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،میری جان بھی کشمیر کی آزادی کیلئے اپنے والد کی طرح حاضر ہے،بھارتی بربریت ،قیدو بند کی صعوبتیں بھی میرے والد کے جذبہ کو نہیں توڑ سکیں، مودی سرکار کوئی فیصلہ بھی سنائے ،جذبہ حریت پروان چڑھے گا ۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک پر دہشت گردی کے الزامات لگانا شرمناک ہیں ،یاسین ملک کا الزامات کے دفاع سے انکار انسانی حقوق علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ،مودی کے کرتوت دینا کے سامنے عیاں پھر بھی عالمی ضمیرخاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا رویہ افسوسناک ،تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ،ہر گزرنے والا دن بھارتی تسلط سے آزادی کے جذبہ کو گرما رہا ہے ، پوری قوم یاسین ملک کے ساتھ کھڑی ہے ،انشااللہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ یوکرین پر روسی تسلط کی بات کرتے وقت کشمیرکو نہ بھولیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ دنیا کے سامنے یاسین ملک کا کیس ضرور لڑیں ،بھارتی دہشت گردی دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ۔