16.1 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 28, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںجموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں...

جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، پاکستانی مندوب گل قیصر سروانی کا سلامتی کونسل میں جواب

- Advertisement -

اقوام متحدہ۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان نے جموں و کشمیر کے اپنا اٹوٹ انگ ہونے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں قونصلر گل قیصر سروانی نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے امن آپریشنز پر سلامتی کونسل کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران بتایا کہ اقوام متحدہ کے ہر سرکاری نقشے میں جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ دکھایا گیا ہے۔

- Advertisement -

پاکستانی مندوب گل قیصر سروانی بھارتی سفیر پرواتھنی ہریش کے اس دعوے پر ردعمل دے رہے تھے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ رہا ہے، ہے، اور رہے گا۔ ہندوستانی سفیر نے یہ دعویٰ پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کے جواب میں کیا، جنہوں نے 15 رکنی سلامتی کونسل سے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کرنے والی اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے اپنے جواب کے حق کا استعمال کرتے ہوئےکہا کہ کوئی بھی ابہام قانونی، سیاسی اور تاریخی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا ، جموں و کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ نہیں ہے اور نہ ہی کبھی رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، جس کا حتمی فیصلہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کرنا ہے، جیسا کہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ سے زائد فوجیوں اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ جموں و کشمیر پر جبری قبضہ کر رکھا ہے، بھارت نے 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زیادہ بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت نے علاقے پر تاریخ میں سب سےزیادہ فوجی تعینات کر رکھے ہیں یہاں تک کہ ہر آٹھ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کے لئے ایک بھارتی فوجی تعینات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے علاقے میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا ہے۔

انہوں نے سرحد پار دہشت گردی کے بھارتی ایلچی کے الزام کے حوالے سے کہا کہ یہ انتہائی ستم ظریفی ہے کہ بھارت، جو جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا ارتکاب کر رہا ہے، اپنے آپ کو شکار کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام قابضین اور نوآبادکاروں کی جانب سے آزادی اور آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کے لئے ان کی ایک سوچی سمجھی سازش تھی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہشت گردی کے لئے دوسروں کو بدنام کرنے کی بجائےبیرون ممالک میں ٹارگٹڈ قتل، تخریب کاری اور دہشت گردی کو منظم کرنے کی اپنی مہم پر غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت ہی ہے جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی حمایت اور مالی معاونت کرتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576051

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں