جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی قبضہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہے ، پاکستان،ا قوام متحدہ میں کشمیر پر پاکستانی اور بھارتی مندوبین میں جھڑپ

113

اقوام متحدہ۔5اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی جانب سے اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سےتنازع کشمیر کے نام نہاد حتمی حل کو زبردستی مسلط کرنے اور وسیع پیمانے پر فوجی قبضے کے باعث بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرے سے خبردار کیا جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مندوبین کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔

بھارت کے نمائندہ اے امر ناتھ نے تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے معاملات سے متعلق کام کرنے والی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ روز پاکستان کے مندوب منیر اکرم کے بیان کے جواب میں دعوی کیا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور پاکستان پر الزام عائد کیا کہ پاکستان دنیا میں عدم استحکام پیدا کرنے والی سب سے بڑی طاقت ہے اور بار بار سرحد پر دہشت گردی میں ملوث ہے۔

جس پر پاکستانی مندوب گل قیصر نے اقوام متحدہ میں اپنے جواب دینے کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارت کے اس دعوی کو مسترد کر دیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ متنازع علاقہ ہےجس کی حتمی حیثیت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے فرسٹ سیکرٹری گل قیصر نے کمیٹی کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں بھارت نے غیرقانونی اقدامات کر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے اور بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ۔ پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ آج بھارت میں انتہا پسندانہ نظریہ ،

اس کے جارحانہ نظریات اور بالادستی کے دعوے، روایتی اور سٹریٹجک فوجی تسلط کی خواہش ، اس کے ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت کی تاریخ اور تنازع کشمیر کے حل پر بات چیت یا ثالثی ، اعتماد سازی یا خطرات میں کمی کے اقدامات سے انکار خطرے کا واضح اظہار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی شزیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بھارت کی جاری ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی غلط اندازہ نہ لگایا جائے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اس کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی جدوجہد کے لازوال جذبے کو سرد نہیں کرسکتی ۔

پاکستانی مندوب نے بھارت کے جوہری ہتھیاروں اور دیگر دھماکہ خیز مواد کے لیےفیزائل مواد کی تیاری کو روکنے کے مجوزہ بین الاقوامی معاہدےفیزائل میٹیریل کٹ آف ٹریٹی(ایف ایم سی ٹی) سے متعلق بیان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا موقف قومی سلامتی کے تشویش کے مطابق ہے،

اس معاہدے کو جوہری تخفیف اسلحہ اور اس کے تمام پہلوؤں کے عدم پھیلاؤ کے کے مقاصد کے لیے کردار ادا کر ناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا کھلا اور تعمیری حل تلاش کرنا چاہتا ہے جو تمام متاثرہ ممالک کے خدشات کو دور کرے