جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد سے گفتگو

183
پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں پی پی پی رہنما اخوند زادہ چٹان پر حملے کی مذمت

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں کوتمام بنیادی حقوق بشمول ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ملنا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کوکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد سے گفتگو میں کہی ۔ وفد کی قیادت کنوینر محمود احمد ساغرکررہے تھے وفد نے وزیر خارجہ کو بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں اورکشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں، آبادیاتی تبدیلیوں اور سیاسی انجینئرنگ کی کوششوں کے حوالے سے خصوصی طور پر صورتحال سے آگاہ کیا۔

وفد نے وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ بھارت کے دوران جموں و کشمیر کے بارے میں واضح اوردوٹوک موقف کی تعریف کی۔حریت کانفرنس کے وفد نے گروپ 20 کے صدرکی حیثیت سے سرینگرمیں گروپ 20 کے اجلاس کے انعقادکے حوالہ سے منصوبوں کومستردکردیا اورکہاکہ بھارت اس طرح کی کوششوں کے ذریعے مقبوضہ علاقوں میں اپنے غیرقانونی تسلط کومزید مضبوط بنانا چاہتاہے۔ وزیر خارجہ نے وفد کو بتایا کہ ان کا حالیہ دورہ بھارت شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او ) کے تناظر میں ہوا ہے کیونکہ پاکستان علاقائی تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ تاہم دورے سے قبل پاکستان نے واضح کیا تھا کہ اس دوران کوئی دو طرفہ ملاقات نہیں ہوگی ۔

وزیر خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے ماحول کو خراب ا اور بات چیت کا دروازہ بند کر دیا ہے، ہندوستان کو کسی بھی بامعنی دو طرفہ تعامل کے لیے 4 اگست 2019 کے ڈرائنگ بورڈ پر واپس جانا پڑے گا۔ وزیرخارجہ نے وفد کویقین دلایا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ پر پاکستان کا موقف دہائیوں پرمحیط ہے اور حکومت کشمیر کاز کی حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ کشمیری عوام کی قربانیوں اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے زور دیا کہ کشمیری عوام کو تمام بنیادی حقوق اور آزادی بشمول ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کو ملنا چاہیے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔