جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

67

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، بھارتی دعووں کے برعکس جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے،

پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے، پوری پاکستانی قوم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو پاکستان سمیت دنیا بھر اور کنٹرول لائن کے دونوں جانب رہنے والے کشمیری عوام (آج) بدھ کو منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 74 سال قبل 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے ایک غیر قانونی مداخلت کے ذریعے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا،

اْس دن ظلم و ستم کا شروع ہونے والا راج آج بھی برقرار ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سات دہائیوں کے دوران بھارتی حکومتوں نے یکے بعد دیگرے کشمیری عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا،

ہندوتوا نظریہ کے تحت بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں پر ظلم ڈھانا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 ء کو کشمیری عوام کو ان کے معاشی، سیاسی اور زمینی حقوق سے محروم کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام اٹھایا، یہ اقدامات اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور پاکستان ان غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا استعمال بشمول ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلے، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، دوران حراست تشدد، جبری گمشدگیاں، کشمیری قیادت کو نظر بند کرنا، پیلٹ گنوں کا استعمال اور مکانات کی تباہی بھی کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام ثابت قدم ہیں اور انہوں نے اپنے لہو سے عزم، حوصلے اور قربانیوں کا ایک شاندار باب تاریخ میں رقم کیا ہے، بھارتی دعووں کے برعکس جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے،

پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، پاکستان بہادر کشمیریوں کی استقامت اور ان کے ناقابل ِ تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ضرور ختم ہوگا، پوری پاکستانی قوم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔