اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ جمہوریت آزادیِ اظہار رائے اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، انسانی حقوق کے تحفط اور ملک کی ترقی کے لیے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم جمہوریہ کے دن کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو ہر سال 15ستمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ جمہوریت ایک ایسا نظام ہے جس کے ذریعے عوام ملک کے اقتصادی اور سیاسی نظام میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت آزادیِ اظہار رائے کے ساتھ ساتھ عوام کو اپنی قیادت چننے کا بھی پورا حق فراہم کرتی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ جمہوری نظام کے ذریعے عوام بہترین قیادت چن کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کروا سکتی ہے۔ انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بھلا کر ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل باہمی صلاح و مشورے اور بات چیت سے ڈھونڈا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی مشاورت پر زور دیتا ہے اور مشاورت جمہوریت کا ایک اہم پہلو ہے۔اسپیکر نے کہا کہ بھارت جو دنیا کی بڑی جمہوریت ہونے کا دعویددار ہے خود کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کو صلب کر رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو اُن کا جمہوری حق، حق خود ارادیت دلانے کے لیے اُن کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کو اُن کاجائزہ جمہوری حق دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل سے ملک مضبوط ہو رہا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جمہوریت کو بار بار سبوتاژ کیا گیا جس سے ادارے کمزور ہوئے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جمہوریت کے تسلسل سے ادارے مضبوط ہو نگے اور ملک آگے بڑھے گا۔