جمہوریت کو دنیا میں مزید مضبوط کرنے،انسانی حقوق اور معاشروں کی آزادی کے لئے مل کر کام کریں گے،آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کنونشن کا اعلامیہ

87

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کنونشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت کو دنیا میں مزید مضبوط کرنے،انسانی حقوق اور معاشروں کی آزادی کے لئے مل کر کام کریں گے،قانون سازی کو مزید مضبوط بنائیں گے، "میرا آئین میری آزادی کا ضامن”اس سلوگن پر مزید بہتر انداز میں کام کریں گے۔

جمعرات کو کنونشن کے اختتامی سیشن میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اعلامیہ پیش کیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ اس اہم ترین بین الاقوامی کنونشن میں سعودی عرب، شام، ایران، کرغستان ، ازبکستان، تنزانیہ، برطانیہ ، امریکہ سمیت دنیا بھر کے اہم ممالک کے وفود شریک ہوئے۔

کنونشن میں ہم نے اتفاق کیا کہ جمہوریت کو دنیا میں مزید مضبوط کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے،ہم نے اتفاق کیا جمہوریت، انسانی حقوق اور معاشروں کی آزادی کے لئے مل کر کام کریں گے،ہم قانون سازی کو مزید مضبوط بنائیں گے،”میرا آئین میری آزادی کا ضامن” اس سلوگن پر مزید بہتر انداز میں کام کریں گے۔

اس کنونشن میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہم قانون کی حکمرانی، خود مختاری، عدلیہ کی آزادی کے لئے مزید بہتر انداز میں کام کریں گے،انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کیلئے بہتر انداز میں آگے بڑھنے پر بھی اتفاق کرتے ہیں۔آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے آزاد،محفوظ اور پائیدار ترقی پر مبنی معاشرے کی تشکیل کی جائے گی۔

عالمی کنونشن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ آئین کے تحت دیئے گئے انسانی حقوق اور فلاح و بہبود کا تحفظ کیا جائے گا۔برابری،انصاف اور باہمی احترام کی بنیاد پر معاشرے کی تشکیل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔