جمہوریت کی بنیاد عوام کی رائے پر ہے،ملک کی تعمیر و ترقی جمہوریت کی مضبوطی میں مضمر ہے، سردار ایاز صادق

146
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ووٹ ایک مقدس امانت اور قومی فریضہ ہے جس کے ذریعے عوام اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں اور ملک کی سمت کا تعین کرتے ہیں،جمہوریت کی بنیاد عوام کی رائے پر ہے، عوام اپنے حق رائے دہی کے ذریعے اپنے من پسند نمائندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ووٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک مضبوط اور فعال جمہوریت کیلئے عوام کی بھرپور شرکت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ نہ ڈالنا دراصل اپنے حقوق اور ذمہ داریوں سے غفلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کو منتخب کر کے ایوان تک پہنچاتے ہیں جو عوام کی امنگوں کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شرکت سے نہ صرف جمہوریت مضبوط ہو گی بلکہ ملکی ترقی کیلئے بھی نئی رائیں کھلیں گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے پر عزم ہے۔

قومی ووٹر ڈے کے موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا آئینی حق اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کا ہر شہری ووٹ کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ لے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کا فروغ اور آئین کی بالادستی عوامی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان جمہوری اقدار کو فروغ دینے اور عوام میں ووٹ کے حق کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔