لاہور۔29مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل اور اداروں کے استحکام کیلئے باہمی ہم آہنگی کا فروغ ناگزیرہے،عوامی مسائل کے دیرپا حل کیلئے تمام طبقات کے ساتھ مشاورت اور تعاون سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
‘اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنمائوں چوہدری ذکا اشرف، ممتاز علی چانگ، مخدوم شہاب الدین اور رکن قومی اسمبلی مخدوم طاہر موجود تھے۔ دوران ملاقات جنوبی پنجاب کو درپیش دیرینہ مسائل ودیگر امور سے متعلق صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے جمہوری اقدار کے استحکام میں تمام سیاسی قوتوں کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہے، ان کی تعلیم و تربیت اور شراکت سے ہی ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے،وفاق کی سطح پر تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنا، صوبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملکی مفاد کا تقاضا ہے۔
وفد نے صدر مملکت کو فیصل آباد، گجرات اور حافظ آباد سمیت وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تمام خطوں میں مساوی ترقی، قومی یکجہتی اور جمہوری اداروں کی مضبوطی اولین ترجیحات ہیں۔
دریں اثنا رکن پنجاب اسمبلی انعام لالیکا، چوہدری اویس، پیپلز پارٹی کے رہنما نوازش علی پیرزادہ، میاں عامر، اتحاد ملازمین او جی ڈی سی ایل کے صدر زاہد بھٹو اور مائرہ ہاشمی پر مشتمل وفد نے بھی گورنر ہائوس لاہور میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں ملک کے مختلف سیاسی و سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے ضروری ہے کہ تمام شعبے، سیاسی و سماجی قوتیں مل کر کام کریں، ہم سب کا مقصد عوام کی خدمت اور ملک کی بہتری ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا لازم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602725