جمہوریہ ترکی کے قومی دن اور اس کے قیام کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر استنبول کے نئے ہوائی اڈے کا افتتاح

290
APP95-29 ISTANBUL: October 29 - President Dr. Arif Alvi with President of Turkey Recep Tayyip Erdogan during the inauguration ceremony of Istanbul's Grand International Airport. APP

استنبول ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) جمہوریہ ترکی کے قومی دن اور اس کے قیام کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر استنبول کے نئے ہوائی اڈے کا افتتاح کیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے گرینڈ ایئر پورٹ کا افتتاح کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت 50 ملکوں کے صدور، وزرائے اعظم، وزیر اور اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی شریک ہوئے۔ سٹیٹ آف دی آرٹ گرینڈ ایئر پورٹ کی تقریب میں ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ سمیت مختلف سربراہان مملکت نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی، ان کی اہلیہ اور رجب طیب اردوان اور انکی اہلیہ کی غیر رسمی بات چیت بھی ہوئی۔ نئے ہوائی اڈے کے ابتدا ئی مرحلہ پر ٹرمینل اور 3،750 اور 4،100 میٹر لمبے دو رن ویز اور تین ایئر سٹریپس استعمال کیلئے تیار ہیں۔ ہوائی اڈے کو سرکاری اور نجی شراکت داری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ پہلا مرحلہ تین سال میں مکمل ہو گا جس پر 7 ارب 20 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ بلیک سی کے ساحل پر واقع استنبول کے نئے ہوائی اڈے کے پہلے مرحلہ کی تکمیل سے سالانہ 90 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔ تقریب سے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم جب اقتدار میں آئے تو دو عالمی اور مقامی ایئرپورٹس سمیت کل 26 ایئر پورٹ تھے لیکن آج ملک میں 56 ایئرپورٹس ہیں اور سٹیٹ آف دی آرٹ استنبول ایئر پورٹ عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔