اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر جمہوریہ روانڈا کی سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر چھ رکنی وفد کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر پیر کی الصبح اسلام آباد پاکستان پہنچ گئے۔
پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر برائے مہمان داری وچیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کامرس سینیٹر ذیشان خانزادہ نے روانڈا کے پارلیمانی وفد کا اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے روانڈا کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔رو انڈا کے پارلیمانی وفد کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سمیت اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پانچ روزہ دورے کے دوران روانڈا کے وفدکی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، ودیگر سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس (آئی پی سی)، اسلام آباد چمبر آف کامرس اور ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کا دورہ بھی کریں گے۔ اسلام آباد پہنچنے پر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی