جمہوریہ لائوس کی جانب سے پاکستان کے بیرون ملک تعینات سول سرونٹ کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا

142
جمہوریہ لائوس کی جانب سے پاکستان کے بیرون ملک تعینات سول سرونٹ کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):جمہوریہ لائوس کی جانب سے پاکستان کے بیرون ملک تعینات سول سرونٹ کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ لاؤس میں اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے نمائندے نصر حیات کو عوامی جمہوریہ لائوس کی حکومت کی جانب سے ملک کی ترقی میں ان کی شراکت کے لئے کراس آف فرینڈ شپ میڈل سے نوازا گیا۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ تمغہ لاؤس حکومت کا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے جو کسی غیر ملکی کو دیا جا سکتا ہے۔

یہ ایوارڈ لاؤس میں اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نمائندے کے طور پر نصر حیات کی ساڑھے چار سالہ مدت کی تکمیل پر دیا گیا ہے جہاں انہوں نے عالمی ادارہ خوراک کے پروگرام کی سربراہی کی جس میں زراعت کے شعبے کی ترقی، تحفظ خوراک اور ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔لاؤس جس کی سرحدیں تھائی لینڈ، چین، کمبوڈیا اور ویت نام سے ملتی ہیں اور اس کی آبادی 70 لاکھ ہے، دنیا کے سب سے کم ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک ہے۔

لاؤس کے وزیر اعظم کی جانب سے یہ ایوارڈ خارجہ امور کے نائب وزیر فوکسے کھیکھمفیتھون نے ان کے حوالے کیا۔ تقریب میں مختلف وزارتوں بشمول وزارت زراعت و جنگلات، وزارت منصوبہ بندی و سرمایہ کاری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اقوام متحدہ کے اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے نمائندے نصر حیات نے یہ اعزاز دینے پر عوامی جمہوریہ لائوس کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ کی مدد سے لاؤس میں زراعت کے شعبے کو اقتصادی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ ہم نے لاؤس کمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ لاؤس میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے طور پر اپنی مدت ملازمت سے قبل نصر حیات نے پاکستان میں بھی اقوام متحدہ کے ادارہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے معاون نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1995 میں بطور پاکستانی سول سرونٹ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی وزارت خارجہ میں پروٹوکول آفیسر اور پھر سیکشن آفیسر کے ساتھ ساتھ مالدیپ میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔ نصر حیات نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)، یو ایس ایڈ اور پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک میں بھی کام کیا۔