جمہوریہ کوریا نے ایمرجنسی ریسکیو سروس کے لئے 2 ایمبولینسز اور سیلاب سے بچاؤ کا سامان عطیہ کیا

126

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):جمہوریہ کوریا کے سفیر پارک کی جون نے پاکستان میں ایمرجنسی سروسز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے دو ایمبولینسز اور سیلاب سے بچاؤ کا سامان سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے حوالے کیا۔ اس سلسلے میں ڈویژنل ریسکیو ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈویژن ثمر احسان، سیکرٹری شینا علی، ہیڈ آف آپریشنز ایاز اسلم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ اور ہیڈ کوارٹرز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورین سفیر پارک کی جن نے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال بالخصوص 2023 کے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں پاکستان میں فیلڈ میں اور یہاں تک کہ ترکی کے زلزلہ کے دوران تمام ریسکیورز کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جانیں بچانا ایک عظیم پیشہ ہے اور ریسکیو 1122 ہنگامی حالات میں بے سہارا متاثرین کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہے یہی وجہ ہے کہ ریسکیو 1122 کو ان آلات کے ساتھ تعاون اور مدد کرنا ہے کیونکہ یہ ہنگامی حالات میں پاکستان کے لوگوں کی مدد کرے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے دو ایمبولینسز اور فلڈ ریسپانس آلات کے عطیہ پر کوریا کے سفیر اور جمہوریہ کوریا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ریسکیو 1122 سروس 2010 سے سیلاب کا انتظام کر رہی ہے اور پنجاب میں حالیہ غیر معمولی سیلاب ایک بڑا چیلنج رہا لیکن ریسکیو سروس کی انٹیگریٹڈ ایمرجنسی سروسز کی وجہ سے 318,000 سیلاب متاثرین اور ان کے جانوروں کو بروقت نکالا گیا اور کوئی خاص جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان دو لیس ایمبولینسز اور خصوصی فلڈ ریسپانس آلات کے علاوہ جن میں 15 انفلٹیبل ہائپالون بوٹس، 10 ہوائی کشتیاں، 15 کشتیوں کو لے جانے والی ٹرالیاں، 23 او بی ایم 40 ایچ پی اور 100 ویڈر سوٹ شامل ہیں یقیناً پنجاب کے سیلاب زدہ اضلاع کے لیے بہترین معاون ثابت ہوں گے۔

ڈاکٹر رضوان نے ریسکیو 1122 کے بارے میں مزید بتایا جو کہ جنوبی ایشیا کے لیے ایک مربوط ایمرجنسی سروسز ماڈل ہے جس میں ایمبولینس سروس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز، موٹر بائیک ریسکیو سروس، واٹر ریسکیو، فلڈ رسپانس ٹیمیں، کیمیکل بائیولوجیکل اور ریڈیالوجیکل ایمرجنسیز اور کمیونٹی ریسپانس کے لئے HAZMAT یونٹس شامل ہیں۔ 2004 کے آغاز سے اب تک ریسکیو 1122 نے پنجاب میں 01کروڑ 44 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔ پاکستان میں ایمرجنسی سروسز کے ریسکیو رز کی تربیت کے لیے لاہور میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی قائم کی گئی ہے جو پاکستان کے تمام صوبوں سے ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کر رہی ہے اور جنوبی ایشیا میں اقوام متحدہ کی پہلی INSARAG سرٹیفائیڈ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی میزبانی کرتا ہے۔