جمہوری طرز عمل ہمیشہ میر حاصل خان بزنجوکی شخصیت کا حصہ رہا، آئی جی ایف سی نے ‘ حیات بلوچ کے معاملہ میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

99

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ میر حاصل خان بزنجو نے ہمیشہ جمہوری رویہ برقرار رکھا اور جمہوری طرز عمل ہمیشہ ان کی شخصیت کا حصہ رہا،آئی جی ایف سی نے حیات بلوچ کے معاملہ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے‘ ملک میں کسی جگہ بھی ایسا واقعہ ہوذمہ داروں کو جلد از جلد سزا ملنی چاہیے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیریں مزاری نے میر حاصل خان بزنجو کی جمہوریت کے لئے جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوری رویہ برقرار رکھا۔ جمہوری طرز عمل ان کی شخصیت کا حصہ تھا۔ وہ بلوچستان کی مضبوط آواز تھے۔ ان کا خلا پر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حیات بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کی تھی ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔آئی جی ایف سی نے مقتول کے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ انصاف ہوگا۔ ملک کا کوئی بھی حصہ ہو اس طرح کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ کسی پر ظلم اور تشدد ہو یہاں سے آواز اٹھانی پڑے گی۔ مجرموں کو جلد از جلد سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک صحافی کا قتل ہوا تھا اس پر تاحال کمیٹی نہیں بنائی گئی۔