جمہوری نظام کے استحکام ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے سینیٹ آف پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

99

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پا کستان میں جمہوری نظام کے استحکام ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے سینیٹ آف پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ، دنیا ماحولیاتی آلودگی میں پاکستان کا ایک فیصد بھی کردار نہ ہونے کے باوجود اس کے متاثر ہونے کا ادراک کرے اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو ۔جمعرات کو وزیر قانون نے سینیٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کے موقع پر معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں کے خیالات سننے کا موقع ملا ہے ۔

معروف کاروباری شخصیات ، نامور وکلا اور کہنہ مشق صحافیوں کے خیالات سننے کا موقع میسر آیا ۔ اس ایوان کو کمیٹی آف دی ہول میں تبدیل کرنے کا تصور بہترین تھا اور تمام مہمانوں کو یہاں اپنے خیالات کا اظہار کا موقع دینا اہم اقدام ہے ۔ اس سے قبل جو لوگ یہاں شریک ہوئے وہ بہت پرجوش تھے ۔ چیئرمین سینیٹ نے سب کو مل بیٹھنے کا موقع دیا کہ وہ یہاں مل بیٹھ کر سینیٹ آف پاکستان کی 50سالہ تاریخ کا جائزہ لیں اور بطور قوم یہاں جو مسائل درپیش ہیں ان کو زیر بحث لائیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام ، قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔

سینیٹ کا کردار عالمی فورمز پر نمایاں رہا ہے ، اپنے نکتہ نظر کو بیان کیا ۔ انہوں نے کہاعالمی برادری کی اسلام آباد میں موجودسفارتکاروں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے ان کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا ذکر کروں گا ۔ گزشتہ گرمیوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں اس وجہ سے سیلاب آیا ۔ میں عالمی سطح پر یہ معاملات کثرت سے اٹھاتے رہے ۔

پاکستان کا عالمی آلودگی میں ایک فیصد بھی حصہ نہیں ہے لیکن ہم نے اس کی بڑی قیمت ادا کی ہے ۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھے اور اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں ۔ ہم سب کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوں گے ۔ پاکستان کے لئے یہ مشکل وقت ہے پاکستان کے عوام اور مملکت پاکستان کی بہتری کے لئے ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہیں ۔