جمہوری نظام ہی آزادی اظہار رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

96
محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوری نظام ہی آزادی اظہار رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ جمہوری طرزنظام کے تحت ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں جو پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بنتا ہے۔ جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 15 ستمبر عالمی یوم جمہوریت کے طور پر دنیا بھر میں منایا جاتا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2007 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے نتیجے میں 15 ستمبر کو عالمی یوم جمہوریت کے طور پر منانے کافیصلہ کیا گیا اور 2008 سے یہ دنیا بھر میں یوم جمہوریت کا دن منایاجاتا ہے۔پارلیمنٹ کے کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آج، ہماری پارلیمنٹ عوامی رسائی،صنفی اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے متعدد نقطہ نظر کی وجہ سے کہیں زیادہ کھلی اور شفاف کھڑی ہے۔ خاص طور پر ایوان بالا نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا اور شاندار جمہوریت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ جمہوریت کے تسلسل کی علامت کیلئے ایوان بالا نے دوسری سوچ و فکر کو ا?جاگر کیا اورقانون سازی کیلئے ملک کی تمام اکائیوں کی آواز بنا۔ ایوان بالا قومی یکجہتی، صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور وفاقی یونٹوں کو مساوی نمائندگی دینے کے نازک توازن کو برقرار رکھتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کرنے کا سنگ میل طے کرچکا ہے جس سے وفاق اور جمہوریت دونوں کو تقویت ملی ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ15 ستمبر انتہائی اہم موقع ہے جس میں ہم اپنی ترقی اورجمہوری اصلاح کے عمل کو آگے بڑھا نے کا جائزہ لے کرمستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کر سکتے ہیں۔ یہ دن جمہوریت کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود، امنگوں اور بہتر طرز زندگی پیدا کرنے کے حوالے بھی اہم دن ہے۔