کراچی ۔29اپریل (اے پی پی):جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے حج 2025 کی پہلی پرواز285 عازمین حج کو لے کر 9 بجکر 35 منٹ پر مدینہ روانہ ہو گئی۔اس حوالے سے تقریب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سیرین ائیر کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
منگل کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں سعودی عرب کے قونصل جنرل محمد بن ناصر السبعی، ائیرپورٹ مینیجر، ڈائریکٹر حج سندھ اور مختلف ایئرپورٹ ایجنسیز کے اعلیٰ افسران، وزارت مذہبی امور اور سیرین ائیر کے نمائندوں نے شرکت کی۔عازمینِ حج کے لیے ایئرپورٹ پر خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں علیحدہ کاؤنٹرز، رہنمائی کے انتظامات اور بہتر سہولیات شامل تھیں تاکہ ان کے سفر کو آسان اور خوشگوار بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب میں حکام نے عازمین کو نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔ سعودی قونصل جنرل نے حج انتظامات اور مربوط کوششوں کو سراہا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی حج آپریشن کے دوران عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589930