کراچی۔ 14 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے کے بعد ہمارے صوبے میں تیزی سے عروج حاصل کیا ہے،خاص طور پر نرسنگ پروگرام، مریضوں کی دیکھ بھال،صحت کو فروغ دینے اور بیماریوں سے بچائو میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ قبل ازیں وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن و فیکلٹی ممبرز نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔
گورنر سندھ نے گریجویشن کرنے والے طلباءاور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن کا دن نہ صرف تمام طالب علموں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کے لیے خوشی اور فخر کا دن ہوتا ہے، بلکہ طالب علموں کی محنت کا ثمر اور والدین کی قربانیوں کا صلہ ہوتا ہے، تعلیم وہ قیمتی اثاثہ ہے جو انسان کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے، تعلیم یافتہ نوجوان صرف اپنے خاندان کے لیے نہیں بلکہ معاشرے، ملک و ملت کے لیے بھی ایک اثاثہ ہوتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑا کردار آپ نوجوانوں کا ہے۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ،میڈیکل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے عظیم شعبے میں مسلسل کامیابیوں اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں، اور میں امید کرتا ہوں کہ ادارہ اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا،میڈیکل اور اس سے منسلک ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں مسلسل ترقی کرتا رہے،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ میرا مکمل تعاون جاری رہے گا۔