جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا،وزیراعلی سندھ

165
Syed Murad Ali Shah

کراچی۔ 11 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا،جے پی ایم سی اب 2200 بیڈز کی سہولت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اپنی کارکردگی اور بڑھتی ضروریات کے پیش نظر پوسٹ گریجویٹس(پی جیز) کی سیٹوں میں بھی اضافہ کرنے جارہی ہے ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ نے جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جے پی ایم سی1600 بستروں پر مشتمل تھا اور اب یہ اسپتال 2200 بستروں پر مشتمل ہے لیکن ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 200 پوسٹ گریجویٹس کی اضافی سیٹوں کی منظوری دی۔ 200 پی جیز سیٹوں کی منظوری کے بعد اب یہ تعداد 953 تک پہنچ چکی ہے۔مراد علی شاہ نے پروفیسر شاہد رسول کو جے پی ایم سی میں ادویات کے لیے ایک سینٹرل ویئرہائوس قائم کرنے کی ہدایت کی اور اس کے لیے صوبائی حکومت اے ڈی پی میں اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔

بہت جلد جے پی ایم سی کا ایک سینٹرل ویئرہائوس ہوگا۔پروفیسر شاہد رسول نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ وہ جے پی ایم سی کو پارکنگ پلازہ بنانے میں مدد فراہم کریں اور اس حوالے سے کافی جگہ دستیاب ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ ان اسکیموں کو اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جے پی ایم سی کے ایگز یکٹوڈائریکٹر کو خدمات کی مزید بہتر فراہمی اور او پی ڈی کو وسعت دینے کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے جے پی ایم سی کے ایڈمنسٹریشن بلاک کی توسیع کی بھی منظوری دی۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے وزیر اعلیٰ سندھ کی بھرپورحمایت اور معاونت پر شکریہ ادا کیا۔