جندر باڑی سے ایبٹ آباد پانی کےپائپ لائن کی تنصیب کا کام شروع ہے،چیئرمین واسا

102

ایبٹ آباد۔ 16 جنوری (اے پی پی):چیئرمین واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز (واسا ) ایبٹ آباد ساجد خان جدون نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سٹی امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت جندر باڑی سے ایبٹ آبادپانی کی پائپ لائن کی تنصیب کا کام شروع ہے جس میں شفافیت اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ واساشہر میں صفائی کے بہتر انتظامات اور پانی کی فراہمی کر رہا ہے۔صفائی پر مامور اہلکار اپنے کام کو ذمہ داری سے انجام دیں ۔

محلہ کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کی جا رہی ہے جو واسا کو روزانہ کی بنیاد پر صفائی اور پانی کی تقسیم میں غلطیوں کی نشاندہی کریں گے۔ایبٹ آباد شہر کے بازاروں میں تاجر واسا کے ماہانہ بلوں کی ادائیگی نہیں کر رہے جبکہ واسا ان کو تمام سروسز فراہم کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ صفائی کے بہتر انتظامات اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے مختلف مقامات پر دورے کے دوران سکولز کالجز میں صفائی کی اہمیت پر زور دیا جاتا ہے ۔ بچے ریپرز باہر نہ پھینکیں اور پانی کا ضیاع نہ کریں اس پر روزانہ کی بنیاد سکولوں میں سوشل موبیلائزر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 4 سال سے ٹی ایم اے فنڈز فراہم نہیں کر رہا ہے جس سے مسائل پیش آر ہے ہیں ۔مشکل حالات کے باوجود زیادہ سے زیادہ خدمت کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ بازار میں صفائی کے چارجز واسا کو نہیں مل رہے۔شہر کے جتنے بھی بازار ہیں وہ ماہانہ بلوں کی ادائیگی کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے واسا کے ساتھ تعاون کریں صفائی نصف ایمان ہے ۔شہری گھر کا کچرا کچرا کنڈی تک پہنچائیں ،اس میں شرم محسوس نہ کریں ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے بورڈ مزید بہتری کے لئے اقدامات کرے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے بلا ججھک تشریف لائیں۔