اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو چین کے پیپلز لبریشن آٓرمی کی ٹریننگ بیس کورلہ میں جاری انسداد دہشت گردی مشقوں کا جائزہ لیا ،یہ مشقیں جدید ترین زمینی اور فضائی آلات کو بروئے کار لاتے ہوئے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے ایک اڈے کوموثر انداز میں ناکارہ بنانے کی موثر کاروائی کے تناظر میں ترتیب دی گئی ہیں ۔آرمی چیف نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی پیپلز لبریشن آرمی کے جوانوں کے استعداد کاراورہنر کی تعریف کی ۔افغانستان اور تاجکستان کے آرمی چیفس بھی اس موقع پر موجود تھے ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر ڈس پلے سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے چینی فوج کے زیراستعمال جدید دفاعی آلات کا مشاہدہ کیا ۔قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر چین کے شہر ارومچی پہنچے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل وانگ سے ملاقات کی جس میں دونوںممالک کی مسلح افواج میں تعاون ‘ دو طرفہ سیکورٹی تعاون اورچین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے طویل مدتی سکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14015