جنرل راحیل شریف کا شمالی اورجنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پرخطاب

107

راولپنڈی ۔ 15 نومبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد(آئی ڈی پیز) کی باعزت واپسی اور بحالی کے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے فاٹا جیسے علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا ہے‘ حکومت اور فوج قبائل عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریگی‘اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔وہ منگل کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر مقامی قبائلی عمائدین اور اہلیان علاقہ سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو فاٹا سے عارضی طور پر نقل مکامی کرنے والوںکی واپسی ‘دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ‘قیام امن کے لئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی کے حوالے سے متعلقہ اداروں اور افراد کی تعریف کی اور ہدایت دی کہ تمام آئی ڈی پیز کی واپسی 31دسمبر تک یقینی بنائی جائے ۔