
اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ سے نیول ہیڈ کوارٹرز میں الوداعی ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو خوش آمدیدکہا۔ پاک بحریہ کے چاک چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں جنرل راشد محمود نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیول چیف نے بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی آپ کی شاندار خدمات کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ نیول چیف نے ملاقات کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں اور تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اورتینوں فورسز کو خطے کی با صلاحیت اور مضبوط باہمی مربوط فورسز میں منتقل کرنے کے ضمن میں دورانِ سروس آپ کے قوی کردار کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔