جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب شعیب صدیقی اور چیف وہیپ رانا ارشد کی ملاقات ، وزیر اعلی مریم نواز کی سربراہی میں زیر عمل عوامی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کیا

123
جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب شعیب صدیقی اور چیف وہیپ رانا ارشد کی ملاقات ، وزیر اعلی مریم نواز کی سربراہی میں زیر عمل عوامی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کیا

لاہور۔26فروری (اے پی پی):جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب و ایم پی اے شعیب صدیقی نے استحقاق کمیٹی برائے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و پنجاب اسمبلی کے چیف وہیپ رانا ارشد سے ملاقات بھی کی ۔ترجمان کے مطابق اجلاس اور ملاقات میں صوبائی جنرل سیکرٹری آئی پی پی و ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر اعلی مریم نواز کی سربراہی میں زیر عمل عوامی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی،جدید سوچ اور نئے ویژن سے ہم آہنگ قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آئی پی پی اورپی ایم ایل(ن) وفاق اور صوبے میں اتحادی جماعتیں ہیں، مل کر عوامی خدمت کرنا ترجیح ہے۔ملاقات کے دوران مسلم لیگی رہنما وچیف وہیپ رانا ارشد نے ملکی معیشت کی بحالی میں وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کے کردار کو بھر پور خراج تحسین کیا۔

دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی مریم نواز اور عبدالعلیم خان عوامی خدمت اور انسان دوستی کی دو بہترین مثالیں ہیں، نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبوں سے دیر پا نتائج حاصل ہوں گے اور آنے والی نسل حکومت کی ان خدمات کو یاد رکھے گی۔علاوہ ازیں شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے دوران عوامی مسائل اور موجودہ سیاسی حالات پر بات کی۔ اجلاس میں شعیب صدیقی نے حلقے کی مجموعی صورت حال اور دیرینہ حل طلب عوامی مسائل پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مسائل کے تدارک کے پیش نظر منتخب کر کے ایوان میں پہنچایا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں ان مسائل سے چھٹکارا دلائیں جن سے عوام کئی سالوں سے دو چار ہے۔ اجلاس میں سیاسی اعتبار سے موجودہ حالات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی اور کہا کہ اس وقت ملک کو ہم آہنگی اور تمام قیادت کو ایک پیج پر رہتے ہوئے معیشت کی بحالی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان اس وقت وزیر اعظم کے ہمراہ مشرق وسطی کے دوروں پر ہیں ،انشاء اللہ قوم ان دوروں کے بہترین اور مثبت نتائج سے جلد مستفید ہو گی۔