آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر سرینگر میں چسپاں

178

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی): چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں چسپاں کردئے گئے جن میں کشمیربارے پاکستان کے مضبوط موقف کا اعادہ کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ کچھ دن قبل آرمی چیف نے بھارت سے آزادی کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کےلئے بھرپورحمایت جاری رکھنے کے مضبوط موقف کا اعادہ کیا تھا۔

بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں کئی مقامات پر چسپاں کئے گئے جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حق خود ارادیت کی حمایت کرنے پر پاکستان آرمی چیف کاشکریہ ادا کیاگیا۔یہ پوسٹر جموں کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، جموں و کشمیر پولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے چسپاں کئے گئے ہیں۔