لاہور۔10مئی (اے پی پی):پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ غذائیت سے بھرپور خوراک انسانی جسم کی نشوونما اور اچھی صحت کے لئے ناگزیر ہے اور صحت مند زندگی کی کنجی عارضی خوراک نہیں بلکہ طویل مدتی طرز زندگی میں تبدیلی ہے،مریض اور نئی نسل اپنی خوراک میں توازن اور اعتدال پر توجہ دے کر اپنی بہترین صحت تندرستی کا دروازہ کھول سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کیے جانے والے شعبہ نیوٹریشن کے ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو متوازن غذااور غذائیت سے بھرپور خوراک کی رہنمائی کیلئے کتابچے کی رونما ئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر صاحبان، انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے جبکہ ایم ایس پروفیسر فریاد حسین اور ایسو سی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر کاشف عزیز نے نیوٹریشن بک پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ متوازن غذا بارے رہنمائی، مریضوں کی صحت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر کاشف عزیز و دیگر ڈاکٹرز نے عوام الناس کی بھلائی اور مریضوں کو بہتر خوراک کے لئے رہنما اصولوں پر کتابچہ کی شکل میں مرتب کر کے ایک مستقل بنیادی گائیڈ لائن فراہم کی ہے جو مریضوں، میڈیکل سٹوڈنٹس اور ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے 17صفحات پر مشتمل کتابچے کے مصنف پروفیسر فریاد حسین اور ڈاکٹر کاشف عزیز جبکہ معاونت کرنے والے ڈاکٹر حسن سلمان،ڈاکٹر عزیز فاطمہ، ڈاکٹر رضوان گوہر،ڈاکٹر یاسر حسین، ڈاکٹر حوریہ رحمان، ڈاکٹر عرفان طاہر، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر شعیب اکبر، ڈاکٹر فروا منیر،ڈاکٹر آصف خورشید،ڈاکٹر عنیب خان کو مبارکباد دی اور ان کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ کتابچہ ملک بھر کی میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز کی لا ئبریریوں میں بھجوائیں گے تاکہ مستقبل میں بھی میڈیکل سٹوڈنٹس ان اہم معلومات سے مستفید ہو سکیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ہمارے کھانے پینے کے طور طریقے اور لائف سٹائل میں بہت تبدیلی آ چکی ہے جس کے نتیجے میں امراض قلب، بلند فشار خون اور طرح طرح کی بیماریاں معاشرے میں عام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں لوگوں کو اپنی خوراک کو متوازن اور وٹامن سے بھرپور رکھنا ضروری ہو گیا ہے جس کے لئے ان کی رہنمائی اور طبی ماہرین کا مشورہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس کتابچے کو تیار کرنے کا مقصد ہسپتال آنے والے مریضوں کو ان کی غذا کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معالجین کی ہدایات کی روشنی میں روزمرہ کا خوراک کا شیڈول بنا سکیں اور خصوصا ذیابیطس، دل کے امراض، حاملہ خواتین اور موٹاپے میں مبتلا افراد ڈاکٹرز کی خوراک کی رہنمائی سے اپنی صحت کو بہتر بناتے ہوئے نہ صرف اپنا وزن کم کر سکیں بلکہ دیگر بیماریوں سے بھی انہیں ریلیف حاصل ہو سکے۔
ایم ایس ڈاکٹر فریادحسین کا کہنا تھا کہ بہت سی جسمانی امراض کی بڑی وجہ غیر متوازن خوراک،” جنک فوڈ” اور غیر معیاری مشروبات کا بے تحاشا استعمال اور ورزش سے دوری ہے، یہ کتابچہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں مہیاکیا جائے گا تاکہ ہیلتھ پروفیشنلز اس "بک لیٹ "کی مدد سے مریضوں کو اچھی اور متوازن غذا کے حوالے سے رہنمائی کر سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595379