لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):جنرل ہسپتال لاہور کے شعبہ بیرونی امراض میں مریضوں کے علاج معالجہ کے دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز کو جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ترجمان کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر آصف بشیر کی طرف سے جاری ایس او پیز نوٹیفکیشن میں شعبہ بیرونی امراض(او پی ڈی) میں مریضوں کے علاج معالجہ پر مامور ڈیوٹی ڈاکٹرز و کنسلٹنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی ڈیوٹی کی پابندی کریں اور مریضوں کو وارڈ یا ڈاکٹر آفسز میں چیک نہ کریں ،جاری ایس او پیز کے مطابق ڈاکٹرز کے پرائیویٹ اسسٹنٹ کو کسی بھی صورت او پی ڈی یا ہسپتال کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈیوٹی ڈاکٹرز کی طرف سے نہ تو مریضوں کو پرائیویٹ کلینکس پر چیک اپ کے لیے ریفر کیا جائے گا اور نہ ہی ان کو پرائیویٹ طور پر چیک اپ کا مشورہ دیا جائے گا ،
ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ یا متعلقہ انچارج کی اجازت کے بغیر اگر کوئی ڈاکٹر اس عمل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی،تمام شعبوں کے ہیڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان ایس او پیز پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔