سنچورین۔24مارچ (اے پی پی):جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل(ہفتہ کو) سپر سپورٹس پارک، سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پروٹیز نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو 0-2 سے کلین سویپ کیا تھا جبکہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تھی ، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 25 مارچ کو سنچورین میں پہلے میچ سے ہوگا۔دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 26 مارچ کو سنچورین جبکہ تیسرا اور آخری میچ 28 مارچ کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت رومین پاول کر رہے ہیں جبکہ پروٹیز ٹیم کو ایڈن مارکرام لیڈ کر رہے ہیں۔