سنچورین ۔23فروری (اے پی پی):جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیزکی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 28 فروری سے سپر سپورٹ پارک ، سنچورین میں شروع ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی مردوں کی کرکٹ ٹیم ان دنوں جنوبی افریقا کے دورہ پر ہے اور وہ اپنے دورہ جنوبی افریقا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف ایک 2ٹیسٹ ، تین ایک روزہ بین الاقوامی اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کریگ براتھویٹ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ۔
پروٹیز ٹیم کی قیادت ٹیمبا بویوماکریں گے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 28 فروری سے 4 مارچ تک سنچورین میں کھیلا جائے گا ،دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 8 سے 12 مارچ تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے میچز بالترتیب16، 18 اور 21 مارچ کو کھیلے جائیں گے ۔ اس کے بعد تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے میچز بالترتیب 25، 26 اور 28 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے دورہ جنوبی افریقا کا آغاز جنوبی افریقن انویٹیشن الیون کے خلاف 21 فروری کو چار روزہ وارم اپ میچ سے کرے گی۔